Chitral Times

Oct 12, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید بامشقت، ایک ارب 57 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی

شیئر کریں:

احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید بامشقت، ایک ارب 57 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی اور دس سال تک عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دے دیا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی۔دوران سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا آپ نے اپنا 342 کا بیان جمع کرایا ہے؟ جس پر عمران خان نے کہا میں نے بیان تیارکر لیاہے، وقت دیں، بشریٰ بی بی اور میرے وکلا آئیں گے تو بیان جمع کراؤں گا تاہم احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔فیصلہ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید با مشقت کی سز اسناتے ہوئے ہر ایک کو 78 کروڑ 70 لاکھ روپے (مجموعی طور پرایک ارب 57 کروڑ 30 لاکھ روپے) جرمانہ بھی کیا اور انہیں 10 سال تک عوامی عہدے کے لئے نااہل بھی قرار دے دیا۔

تحریک انصاف کا عمران خان اور اہلیہ کی سزا کیخلاف فوری اپیل دائر کرنے کا اعلان

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی سزا کے خلاف اعلیٰ عدالت میں فوری اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کو لندن منصوبے کے تحت سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ایک جھوٹے اور من گھڑت مقدمے میں سزا سنا کر انصاف کا خون کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے اصل مجرم نوازشریف، زرداری اور گیلانی ہیں جنہیں مقتدرہ نے گود لے رکھا ہے اور جن کی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کیلئے انصاف کا خون کرکے عمران خان کو منفی کیا جارہا ہے، میرٹ اور مواد سے یکسر خالی کینگرو جج کا انصاف کی بنیادوں سے محروم یہ فیصلہ بھی عدل کی کسی میزان پر ٹھہر نہیں پائے گا۔رؤف حسن کا کہنا تھا کہ کمپرومائزڈ ججز کے ذریعے سیاست و ریاست پر ظالمانہ قبضے کے سارے منصوبے عوام 8 فروری کو خاک میں ملائیں گے، کینگرو کورٹس کے ذریعے ملک سے عدل و انصاف کی بیخ کنی کا سلسلہ جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
84790