
آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کے زیر اہتمام اساتذہ کے لئے پانچ روزہ ورکشاپ کا انعقاد
آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کے زیر اہتمام اساتذہ کے لئے پانچ روزہ ورکشاپ کا انعقاد
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ کے زیر اہتمام حکومتی تعلیمی اداروں اور آغا خان ایجوکیشن سروس کے اساتذہ کے لئے چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں پانچ روزہ ٹریننگ آف ٹرینرز (ToT)ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چترال بھر سے مختلف اداروں سے منسلک کم و بیش 27 اساتذہ نے حصہ لیا۔ اس سلسلے میں آج اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹریننگ مکمل کرنے والے اساتذہ کو سرٹیفیکٹس سے نوازا گیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی ایم آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان ولی محمد خان نے کہا کہ اپنے بچوں کو محفوظ و موثر تعلیمی ادارے فراہم کرنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ جس میں ادارے بھی شامل ہیں۔ ہمیں اپنے سکولوں میں بچوں کو وہ ماحول مہیا کرنے کی ضرورت ہے جس میں ہمارے بچے جدید علوم سے بہرہ وار ہوسکیں تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے لئے ایک کارآمد شہری بن سکیں۔ قدرتی آفات سے بھی ہمارے بچے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اس لئے ہمیں دوسرے مسائل کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے میں بھی اپنی بساط کے مطابق مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شرکاء کے ساتھ ساتھ حکومتی اور آغا خان ایجوکیشن سروس کے اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مصروفیات سے وقت نکال کر پانچ روزہ ورکشاپ میں شرکت کی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی پروگرام منیجر پریپریڈنس آغاخان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان نے پانچ روزہ ٹریننگ کے فوائد کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اور بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ای او فیمیل مہروالنساء نے کہا کہ آج یہاں پر اپنے اساتذہ کو عملی ٹریننگ میں حصہ لیتے ہوئے دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی۔ میں اس امید کا اظہار کرتی ہوں کہ آج ہمارے اساتذہ نے جو کچھ اس ٹریننگ میں سیکھا ہے وہ اپنے اپنے سکولو ں میں باقی اساتذہ کو بھی سکھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اس سلسلے میں ہم باقاعدہ آفیشل لیٹر بھی ایشو کریں گے تاکہ اساتذہ کو یہ سب کچھ اپنے اپنے سکولوں میں سکھانے میں سہولت میسر ہو۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شکیلہ انجم، بورڈ آف ڈائریکٹر آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان نے کہا کہ یہ پانچ روزہ سیمینار ہمارے اساتذہ کو بہت کچھ سیکھنے اور اپنے اپنے سکولوں میں جا کر سکھانے میں مدد فراہم کرے گا ہم AKAHP سے توقع رکھتے ہیں کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے سلسلے میں مزید آگاہی پھیلانے اور لوگوں کو ٹریننگ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اختتامی تقریب سے شہزاد ندیم، ایس ڈی ای او اور غزالہ سلیم، اے ایس ڈی او نے بھی خطاب کرتے ہوئے آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ کے قدرتی آفات کے دوران کردار کو سراہا۔