آبادی بڑھ گئی ،ضلع غذر کو دو ضلعوں میں تقسیم کیا جائے۔رحیم شاہ غذری
گلگت ( چترال ٹائمز رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ “ن” ضلع غذر کے سینئر رہنما رحیم شاہ غذری نے ایک بیان میں کہا ہے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع غذر کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے اور اضافی ضلع بنایا جائے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ تحصیل یاسین ، گوپس اور پھنڈ ر کو ملاکر ایک الگ ضلع بنانا چاہیے ۔
شگر کی آبادی تحصیل یاسین سے بھی کم ہونے کے باوجود الگ ضلع بن سکتا ہے تو پھر مذکورہ بالا تحصیلوں پر مشتمل بہت بڑی آبادی کے ایک حصے کو الگ ضلع کیوں نہیں بنا یا جاسکتا ہے ۔ موجودہ وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمٰن نے اس بابت ضلع غذر کے عوام سے وعدہ بھی کیا تھا مگر تاحال کوئی آتا پتہ نہیں ۔ رحیم شاہ غذری نے مذید کہا کہ ضلع غذر کی اسمبلی سیٹوں میں بھی اضافہ کیا جائے جو کہ عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔
……………………………………………………………………………
دریں اثنا کھر برمس و نگرل کے نمبردار شیر دل خان ترنگفہ کے گھر قدیمی روایتی و ثقافتی تہوار ” رسم شاپ” کی محفل سج گئی ۔ گلگت اور غذر کے مایہ ناز فنکار جلوہ گر ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق شعرا کرام پر مشتمل ” پاکیزہ شاپ کلچرل گروپ” کے زیر اہتمام گزشتہ شب کھر ،برمس و نگرل کے نمبردار شیر دل خان ترنگفہ کے گھر ثقافتی تہوار شاپ کی رسومات ادا کی گئی ۔ گلگت اور غذر کے مایہ ناز فنکاروں اختر حسین راجہ ، شراف الدین فریاد ، اقبال حسین اقبال ، معراج عالم معراج ، حسین جانی، کریم جیون ، اشرف سحر ، نصرت دین تمنا ، ضیا الرحمٰن شاد ، شوکت اقبال ساحل ، جہانگیر عالم بدر ، ذوالفقار علی فوجی ، اعجاز حسین اعجاز و دیگر نے قدیم ثقافتی تہوار شاپ کے گیت گائے اور محفل کو گرما دیا ۔ اس موقع پر کھر ، برمس و نگرل کے نمبردار شیر دل خان ترنگفہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقے کے معروف اور سینئر شعرا نے اپنی ثقافت کو فروغ دینے کا جو بیڑہ اُٹھایا ہوا ہے ، ہم ان کی ثقافت دوستی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہماری ثقافت ہی ہماری پہچان ہے جو امن و اُخوت و رواداری کا درس دیتی ہے ۔ گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکومتی و انتظامی عہدیداران بالخصوص وزیر اعلیٰ ، گورنر ، چیف سکریٹری ، ڈپٹی کمشنر ، سکریٹری سیاحت و کلچرل ، اسسٹنٹ کمشنر کو بھی چاہیے کہ وہ ہمارے شعرا کو بلا کر اپنے گھروں میں اس قدیم روایتی و ثقافتی تہوار ” رسم شاپ” کی محفل سجا نے کی دعوت دیکر علاقے کی ثقافت سے محبت کرنے کا عملی ثبوت پیش کردیں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کریں ۔ بعد اذاں مذکورہ بالا فنکاروں نے کھر یوتھ مومنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہ ” شاپ کلچرل شو” میں بھی شرکت کیں اور زبردست فن کا مظاہرہ کرکے شائقین سے خوب داد حاصل کیں ۔