Chitral Times

Mar 21, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آئی ایم ایف نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کر دی

Posted on
شیئر کریں:

آئی ایم ایف نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ )بین الاقوامی مالیاتی فند(آئی ایم ایف) نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کر دی۔رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) تکنیکی وفد کی کابینہ ڈویڑن، پی ایم آفس، وزارت خزانہ اور وزارت قانون کے حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں جس میں آئی ایم ایف نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئریشن کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کی گئی ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے اثاثوں کو ڈیکلیئر کرنے کیلئے مسودے پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے،

 

سول سرونٹ ایکٹ سے ترمیمی ڈرافٹ فروری میں ہی آئی ایم ایف کو فراہم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اثاثوں کی ڈیکلیئریشن سے متعلق قانون سازی اب فروری کے بعد ہو سکے گی جب کہ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ سے شرائط کے مطابق بینچ مارک مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایکٹ میں ترامیم کے تحت بچوں کے تعلیمی ادارے بتانا تک بھی لازمی شرط میں شامل ہے، گھر کی آمدن کے ذرائع، میاں بیوی دونوں کے اثاثے بھی ایسٹ ڈیکلیئر کا حصہ ہیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ترمیم کے تحت پاور آف اٹارنی تک کی معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی جبکہ وزارت خزانہ کے متعلقہ حکام نے وفد سے معلومات کی پبلک رسائی میں نرمی کی درخواست بھی کی ہے۔

 

 

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کی امریکی تجویز کی شدید مذمت

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور آئندہ اجلاس میں مختلف مسلم ممالک کے ویزا سے متعلق مسائل پر غور کرے گی
سینیٹ خارجہ امور کمیٹی نے جنوبی افریقہ سے لاپتہ ہونے والی پاکستانی طالبہ کے حالیہ واقعے پر تفصیلی بریفنگ طلب کرلی

 

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے پیر کے روز اپنے اجلاس میں غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی امریکی تجویز کی مذمت کی اور سینیٹ میں اس تجویز کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کے چیئرمین نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی کہ وہ ایک قرارداد کا مسودہ تیار کرے جو حقائق پر مبنی ہو اور کمیٹی کی منظوری کے بعد سینیٹ میں پیش کیا جائے۔ یہ قرارداد وزارت خارجہ کی بریفنگ کے بعد پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ امریکی صدر نے فلسطینیوں کو غزہ سے مصر، اردن اور سعودی عرب جیسے ہمسایہ ممالک میں منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی چیئرمین سینیٹر عرفان الحق صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے اجلاس کے دوران اہم سوالات اٹھائے اور پاکستانی حکومت کی جانب سے امریکی تجویز کے جواب میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔

 

انہوں نے اس تجویز کو مسترد کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا اور تنظیم تعاون اسلامی (OIC) کی اس مسئلے پر شمولیت سے متعلق بھی دریافت کیا وزارت خارجہ کے سیکرٹری نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ تنظیم تعاون اسلامی (OIC) عرب لیگ کے ساتھ مل کر اس مسئلے پر ایک مشترکہ سربراہی اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جس میں اس امریکی منصوبے کو سفارتی طریقوں سے روکنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ کمیٹی نے وزارت کی اس تجویز کی حمایت کی کہ فلسطینیوں کی غزہ سے بے دخلی کے خلاف ایک مذمتی قرارداد تیار کی جائے، جو سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔کمیٹی کا یہ مؤقف غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سامنے آیا، جہاں جاری جنگ کے نتیجے میں بے پناہ جانی نقصان ہو چکا ہے۔ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اس جنگ میں اب تک کم از کم 61,709 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 17,492 بچے شامل ہیں، جبکہ 111,588 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی 905 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 181 بچے شامل ہیں، اور 7,370 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔کمیٹی نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارے میں مسلسل جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور انسانی بحران کی سنگینی پر روشنی ڈالی

 

چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے فلسطینی مسئلے پر متحدہ مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ معصوم جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔کمیٹی کے اجلاس کے دوران کمیٹی کو 19 جنوری 2025 سے نافذ العمل جنگ بندی معاہدے کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، 18 اسرائیلی قیدیوں اور 550 فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ کیا جا چکا ہے۔ 42 روزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت مزید 33 اسرائیلی قیدیوں اور تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔کمیٹی اجلاس میں سینیٹر رانا محمود الحسن نے بعض مسلم ممالک کے ویزا مسائل کا معاملہ اٹھایا، جس پر چیئرمین کمیٹی نے وزارت خارجہ سے اگلی میٹنگ میں پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا مسائل پر تفصیلی بریفنگ طلب کرلی۔مزید برآں، کمیٹی نے جنوبی افریقہ میں ایک پاکستانی طالبہ کے اغوا کے معاملے پر بھی تفصیلی بریفنگ مانگ لی۔ وزارت خارجہ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ یہ معاملہ جنوبی افریقی سفارت خانے کے ساتھ اٹھایا جا چکا ہے اور لڑکی کی بازیابی کے لیے کام جاری ہے۔

 

چیئرمین کمیٹی نے اس معاملے پر فوری پیش رفت کی ہدایت کی اور وزارت سے جلد رپورٹ طلب کر لی۔کمیٹی کے اجلاس کے دوران کمیٹی کو امریکی صدر کے خصوصی مشن کے نامزد ایلچی رچرڈ گرنیل کے پاکستان کے سیاسی رہنماؤں سے متعلق بیانات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ گرنیل کے یہ بیانات ذاتی حیثیت میں دیے گئے تھے اور ان پر پاکستان کی حکومت کی جانب سے کسی سرکاری ردعمل کی ضرورت نہیں۔ وزارت نے مزید بتایا کہ پاکستانی سفیر نے امریکہ میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کے دوران اس معاملے کو واضح کیا تھا۔کمیٹی کو جنوری 2025 میں پیش آنے والے مراکش کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں جاری کوششوں پر بھی آگاہ کیا گیا۔ وزارت خارجہ نے اب تک 22 پاکستانیوں کی وطن واپسی ممکن بنائی ہے، جبکہ دو مراحل میں 8 افراد کی میتیں پاکستان لائی جا چکی ہیں۔

 

مزید لاشوں کی واپسی کے لیے مراکشی حکام کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔ اس حوالے سے ایک کرائسس مینجمنٹ یونٹ (CMU) بھی قائم کر دیا گیا ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس حکام سے رابطے میں ہے۔اجلاس کے آغاز میں کمیٹی کے چیئرمین نے ایجنڈا آئٹم نمبر 1، جو وزارت خارجہ میں افسران اور عملے کی تعیناتی سے متعلق بریفنگ پر مشتمل تھا جس کو مؤخر کر دیا۔ اسی طرح، ایجنڈا آئٹم نمبر 5، جو پاکستان اور افغانستان کے تعلقات پر ایک ان کیمرا بریفنگ تھی، کو بھی آئندہ اجلاس تک ملتوی کر دیا گیا۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر رانا محمود الحسن، سینیٹر عطاء الرحمان، سینیٹر سید علی ظفر اور سینیٹر روبینہ قائم خانی نے شرکت کی۔ وزارت خارجہ کے سیکرٹری سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی کمیٹی کو مختلف امور پر بریفنگ دینے کے لیے موجود تھے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99040