Chitral Times

Apr 24, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ملک میں آئین، جمہوریت اور عوام دوست جماعتوں کا اقتدار میں ہونا تاریخ کا حسین اتفاق ہے، وزیر اعظم

Posted on
شیئر کریں:

آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ملک میں آئین، جمہوریت اور عوام دوست جماعتوں کا اقتدار میں ہونا تاریخ کا حسین اتفاق ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دستور پاکستان 1973 کے 50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1973 کا آئین قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور بانیان پاکستان کی بصیرت کا نچوڑ ہے جس نے قوم کو متحد کررکھا ہے، تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور،سلیکٹڈ اور مسلط کئے گئے ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا،ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہمکنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے۔پیرکووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے دستور کے 50 سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔وزیراعظم نے دستور کا تحفہ دینے والے تمام قائدین، جماعتوں اورارکان پارلیمان کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ان تمام محترم شخصیات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پچاس سال میں آئین کی عزت و حرمت بڑھائی اور اس کی مضبوطی میں کردار ادا کیا۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ 10 اپریل 1973 سے 10 اپریل 2023 تک دستور پاکستان نے قوم کو متحد رکھا ہے،دستور ہی پاکستان میں رہنے والی تمام قوموں کا متفقہ عمرانی معاہدہ ہے،دستور تمام ریاستی اداروں کی ماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحات، حادثات اور سازشی واقعات کے باوجود آئین نے اپنے وجود کو برقرار رکھا۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو آئین کے معمار بھی تھے اور اس کے لئے جان قربان کرنے والے بھی،وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو اور قائد محمد نوازشریف کو خاص طور پر سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آئین کی سربلندی، حفاظت اور فروغ کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ کا حسین اتفاق ہے کہ آئین کی گولڈن جوبلی مناتے ہوئے ملک میں آئین، جمہوریت اور عوام دوست جماعتیں اقتدار میں ہیں،آئین کی گولڈن جوبلی ایسے موقع پر آئی ہے جب تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور،سلیکٹڈاور مسلط ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کا محافظ اور سمت نما ہے، اس کی حفاظت جان دے کر بھی کریں گے،ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہم کنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے۔

 

آئین کے پچاس سال مکمل ہونے پرڈی چوک پر”یادگار دستور“ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

اسلام آباد( چترال ٹایمز رپورٹ ) آئین کے پچاس سال مکمل ہونے پرڈی چوک پر”یادگار دستور“ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تقریب پیر کو ہوئی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد کے ہمراہ یادگار دستور کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے 14 اگست 2023 سے قبل ڈی چوک میں یادگار دستور مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ10اپریل 1973 کو متفقہ آئین کا منظور ہونا اہم قومی سنگ میل ہے۔اسلامی، وفاقی، پارلیمانی اور جمہوری آئین کا خاکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی پہلی تقریر میں ہی دے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں 14 اگست 1947 کے بعد 10 اپریل 1973 سب سے اہم دن تھا جب متفقہ آئین بنا۔ دنیا کے اکثر ممالک میں دستور کی یادگار موجود ہے۔میاں رضا ربانی اور ان کی پوری کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے یادگار کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔امید ہے جلد اس یادگار کو مکمل کیا جائے گا۔ یادگار کے ڈیزائن کے لیے ملک گیر مقابلہ کروایا جائے گا اور آئین کے شایان شان ڈیزائن کی منظوری دی جائے گی۔ شاہراہ دستور پر یادگار کے ساتھ ایک باغ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو تفریح بھی میسر آئے گی۔امید ہییادگاردستور میں آئین پر دستخظ کرنے والی تاریخی شخصیات کو مناسب انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ سپیکر نے کہا کہ یادگار کے تقدس کو برقرار رکھا جائے گا۔ امید ہے سی ڈی اے اس طرف خصوصی توجہ دے گا۔

 

آئین پاکستان کے اہم حصوں اور تاریخ کوتعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے گا،وفاقی وزیر تعلیم

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شہریوں کو پاکستان کے آئین سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے،اس ضمن میں آئین کے اہم حصوں اور تاریخ کوفوری طور پر تعلیمی نصاب میں شامل کررہے ہیں۔ انہوں نے آئین پاکستان کی 50 ویں سالگرہ پر قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئیکہا کہ آئین پاکستان کی 50ویں سالگرہ منانا نہایت خوش آئند ہے اور وہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نیکہا کہ آئین نہایت مقدس اور اہم دستاویز ہوتا ہے جو ملک کا نظام چلاتا ہے اور اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ شہریوں بالخصوص نئی نسل کو آئین پاکستان سے متعلق مکمل طور پر آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں اپنے حقوق و فرائض کا بہتر ادراک ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین پاکستان کے اہم حصوں اور تاریخ کو قومی تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے،ہم نے 23 مارچ کو اس کو نصاب کا حصہ بنانا تھا مگر بعض اہم قومی مصروفیات کے باعث اس کو رواں ماہ میں شامل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کو اپنے حقوق اور ذمہ داریوں بارے آگاہی ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے ساتھ ہی کوئی ملک اپنا نظام چلا سکتا ہے۔اس میں عصری تقاضوں کے مطابق ایک طے شدہ طریقہ کار کے ذریعے مناسب ترامیم کی جاتی ہیں تاکہ اسے بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نیکہا کہ ہم دستور کو عملی طور پر مکمل نافذ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
73413