Chitral Times

Feb 9, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

،وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت  ضلعی انتظامیہ کا اجلاس، گزشتہ چھ ماہ کے دوران وزیر اعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈا پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

Posted on
شیئر کریں:

،وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت  ضلعی انتظامیہ کا اجلاس، گزشتہ چھ ماہ کے دوران وزیر اعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈا پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت جمعرات کے روز ضلعی انتظامیہ کا اجلاس کابینہ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران وزیر اعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈا پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو تمام اضلاع میں 99 نکاتی عوامی ایجنڈا کے تحت ضلعی انتظامیہ کو دی گئی خصوصی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اکرام اللہ خان ، محمد عابد مجید، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو جاوید مروت کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز ، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

 

وزیر اعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈا میں گڈ گورننس ،صفائی ستھرائی ، کوالٹی کنٹرول ، ریونیو معاملات ، فوڈ اینڈ پرائس کنٹرول ، کھلی کچہریوں کا انعقاد ، عوامی شکایات کا ازالہ ، سروس ڈیلیوری اور عوامی خدمت اور سہولت کے دیگر اقدامات شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے غیر تسلی بخش کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگلے جائزہ اجلاس تک تمام ایسے ڈپٹی کمشنرز جن کی کارکردگی کمزور ہے اسے خاطر خواہ حد تک بہتر بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 99 نکاتی عوامی ایجنڈا پر عملدرآمد کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کے تصویری ثبوت بھی فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو خدمات اور سہولیات کی فراہمی ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

 

انہوں نے ہدایت کی کہ اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ، انکے معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں اور دیگر مراکز کے اچانک دورے کریں۔ ضلعی حکام سروس ڈیلیوری مراکز کے باقاعدگی سے دورے کریں اور وہاں پر عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اضلاع کی سطح پر جو افسران سرکاری امور کی انجام دہی میں غفلت برتتے ہیں ان کی نشاندہی کی جائے اور انہیں فوری طور پر انکے عہدوں سے فارغ کیا جائے گا۔

 

وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریاں باقاعدگی سے منعقد کی جائیں۔ حکومت اربوں روپے عوام کو سہولیات کی فراہمی پر خرچ کر رہی ہے ، انکے ثمرات بھی عوام کو ملنے چاہئیں۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں اور عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی کےلئے خصوصی مہمات چلائی جائیں۔ اسکے علاوہ ڈپٹی کمشنرز قبضہ شدہ سرکاری اراضی کی نشاندہی کر کے اسے فوری طور پر واگزار کرائیں۔

 

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 99 نکاتی عوامی ایجنڈا کے تحت گزشتہ چھ ماہ کے دوران  تمام اضلاع میں کل 816 کھلی کچہریاں منعقد کی گئی ہیں جبکہ تمام اضلاع میں 316754 میٹر بلاک نالوں کی صفائی،  76089 میٹر سیوج لائنز کی صفائی کی گئی جبکہ 16438 سیوج لائنز کی مرمت کی گئی ہے۔پچیس اضلاع میں کل 1024 میں سے 1018 غیر قانونی بل بورڈز ہٹا دیئے گئے ہیں جبکہ صوبے کے 29 اضلاع میں سڑکوں کے کنارے 1810 کھڈے بھرے گئے ، 352 کلورٹس کی مرمت کی گئی جبکہ 326 سڑکوں کو ٹریفک کےلئے بحال کیا گیا ہے۔

 

اس کے علاوہ  تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے دوران مردان میں 483 کنال ، سوات میں 641 کنال، بونیر میں 625 جبکہ ڈی آئی خان میں 578 کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں حلقوں سے باہر 824 پٹوار خانوں میں سے 795 پٹوار خانوں کو اپنے حلقوں میں منتقل کر لیا گیا ہے۔ ریونیو سے متعلق مجموعی طور پر 62301 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں۔ اسی طرح  گزشتہ چھ ماہ کے دوران سکولوں کے11160 ،  مراکز صحت کے10321 جبکہ پٹوار خانوں کے 6318 معائنے کیے گئے ہیں۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں عطائیوں ، غیر رجسٹرڈ مراکز صحت اور سپوریس ڈرگز کے خلاف 659 کارروائیاں کی گئیں۔ مختلف اضلاع میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران 142 غیر قانونی کرش پلانٹس کو بند کیا گیا ہے۔  اختیار عوام کا پورٹل پر درج 1567  شکایتوں میں سے 990 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔

 

chitraltimes district administration meeting under chair cm kp

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
98623