Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

طالب علموں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے سرکاری سکولوں میں STEMپروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ عاطف

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ )خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم طالب علموں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے سرکاری سکولوں میں STEMپروگرام شروع کر رہا ہے۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد طالب علموں کو تھیوری کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل چیزیں سکھانا ہے تاکہ ان کی ذہنی صلاحیتوں میں مزید نکھار لایا جاسکے۔وہ محکمہ تعلیم کے کمیٹی روم میں STEMپروگرام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہے ھے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم خالد خان،ایڈیشنل سیکرٹری سہیل خان،ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد رفیق خٹک اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جب ان کو محکمہ تعلیم کاقلمدان سونپا گیا تو اس وقت سکولوں میں انفرا سٹرکچر،اساتذہ کی کمی اور باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی بہت بڑا مسئلہ تھا۔محکمہ تعلیم کی شبانہ روز محنت سے ان مسائل پر قابو پایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری ترجیحات کوالٹی آف ایجوکیشن پر ہے اس ضمن میں STEMپروگرام کاشامل ہونابنیادی اہمیت رکھتا ہے ۔اس پروگرام میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھس کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔بنیادی طور پر اس پروگرام کا مقصد بھی یہی ہے کہ ان مضامین پر فوکس کر کے ہم بچوں کو تھیوری کیساتھ پریکٹیکل سکھائیں جس سے نہ صرف ان کو مضامین سمجھنے میں آسانی رہے گی بلکہ ان کی ذہنی استعداد کار بھی بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام اپنی نوعیت کاایک بہترین پروگرام ہے جو پورے پاکستان میں کسی بھی سرکاری سکول میں رائج نہیں جبکہ پرائیویٹ سطح پر چند سکولوں میں یہ پروگرام رائج ہے اس وجہ سے خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جو سرکاری سکولوں میں یہ پروگرام شروع کرے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کے آغاز سے شہروں اور دیہات کے سکولوں میں فرق بالکل ختم ہو جائے گا۔ ابتدائی طور پر سرکاری سکولوں میں موجود لیبز کو استعمال میں لایا جائے گا اور انہی ٹیچرز کو ٹریننگ دی جائے گی جبکہ بعد ازاں رفتہ رفتہ ان کی تعداد بڑھا کر پورے صوبے کے سکولوں میں STEMپروگرام شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ہماری نوجوان نسل میں سائنس ،کمپیوٹر ،انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی بھی بڑھ جائے گی اور ہمارے طالب علم آنے والے وقتوں میں ترقی یافتہ دنیا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں با آسانی مقابلہ بھی کر سکیں گے۔محمد عاطف خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے سرکاری سکولوں میں پہلے سے ہی 1350کمپیوٹر لیبز بنا رکھی ہیں جبکہ مزید لیبز بھی بنائی جا رہی ہیں۔یہ کمپیوٹر لیبز جہاں سکولوں کے طالب علموں کو تعلیم فراہم کر رہی ہیں وہاں یہ سکنڈشفٹ میں علاقے کے عوام کو بھی زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
3760